ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل میں کنڑا راجیواتسوا کی تقریبات  دھوم دھام سے منائی گئیں

بھٹکل میں کنڑا راجیواتسوا کی تقریبات  دھوم دھام سے منائی گئیں

Tue, 01 Nov 2022 20:54:55    S.O. News Service

بھٹکل:یکم نومبر(ایس اؤ نیوز) آج کا دن کنڑیگاس کےلئے کنڑا ریاست، تہذیب، زبان اور فن کا دن ہے ، اس کی تقریبات دھوم دھام سے منانی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار بھٹکل کی اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی نے کیا۔

وہ یہاں یکم نومبر کو کنڑا راجیہ اتسوا کےموقع پر تعلقہ کھیل میدان (وائی ایم ایس اے میدان) میں کنڑا پرچم کشائی کے بعد خطاب کررہی تھی۔ انہوں نےکہاکہ تعلقہ میں کنڑا کوٹی گایانا سمیت کئی پروگرام مناتےہوئے کنڑا تہوار کو منایا گیا ہے۔ کنڑا زبان تاریخ اور ادب کی زبان ہے۔ ساتھ ہی کنڑا زبان کو سب سے زیادہ گیان پیٹھ ایوارڈ ملا ہے۔ کنڑا زبان کے فروغ کےلئے ضروری ہے کہ وہ روزمرہ کے معمولات میں ، انتظامی سطح پر کنڑا کا استعمال کریں اور جو لوگ بیرونی ریاستوں سے یہاں مقیم ہیں انہیں کنڑا زبان سکھائی جائے ۔ رکن اسمبلی سنیل نائک نے بھی کنڑا زبان ، تہذیب اور تاریخ کے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مختلف میدانوں میں خدمات انجام دینے والوں کی تہنیت کی گئی ۔ اسکول کے بچوں نے ثقافتی پروگرام پیش کئے۔ اس موقع پر میونسپالٹی صدر پرویز قاسمجی،تحصیلدارڈاکٹر سمنت ،بھٹکل میونسپالٹی اور جالی پنچایت کے  چیف افسران ، بی ای اؤ سمیت کئی افسران موجود تھے۔

 اس سے پہلے منی ودھان سودھا میں رکن اسمبلی سنیل نائک نے پرچم  کشائی کرنےکے بعد کنڑا بھونیشوری دیوی کی پوجا کی اور سرکاری ملازمین، اسکولی بچوں اور عوامی نمائندوں پر مشتمل کنڑا ریلی کو ہری جھنڈی دکھائی ۔ ریلی شمس الدین سرکل سے گزرتےہوئے قومی شاہراہ کے ذریعے نوائط کالونی تعلقہ میدان پہنچی ، ریلی کے دوران  کنڑا گیت اور کنڑا کے حق میں نعرے لگائےگئے۔


Share: